’’محض لیپ ٹاپ پر نمبرز دیکھ کرسلیکشن کرنا سمجھ سے بالاتر ہے‘‘

’’محض لیپ ٹاپ پر نمبرز دیکھ کرسلیکشن کرنا سمجھ سے بالاتر ہے‘‘

ویب ڈیسک: ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے چیف سیلیکٹر محمد وسیم کی جانب سے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیم کی سلیکشن پر اظہار ناراضگی کیا ہے۔

نجی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان نے دورہ ساوتھ افریقا اور زمبابوے کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، انہوں نے قومی ٹیم کے سلیکٹر محمد وسیم کے انتخاب پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے بابر اعظم جلد بورڈ حکام سے بھی رابطہ کریں گے۔ بابر اعظم کا خیال ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان میں ہونے والی حالیہ سیریز میں کئی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحتیں دکھانے کا موقع نہیں مل سکا جبکہ وہ کامران اکمل کی اچھی پرفارمنس کے باوجود سیلیکشن نہ ہونے پر بھی ناخوش ہیں۔ اس کے علاوہ بابر اعظم شاہنوار دھانی کے ٹیسٹ سیریز کے لیے انتخاب پر بھی مطمئن نہیں ہیں جنہوں نے محض ایک ڈومیسٹک سیزن کھیلا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان سکواڈ میں عماد بٹ، عامر یامین اور افتخار احمد کی سیلیکشن کے خواہاں تھے تاہم انہیں چیف سیلیکٹر کی جانب سے نظر انداز کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بابر شان مسعود کی سلیکشن کے بھی خواہشمند تھے  تاہم انہیں نیوزی لینڈ کی سیریز میں بری پرفارمنس پر ٹیم کے ڈراپ کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نے جنوبی افریقا کے لیے دورے پر ہونے والی سلیکشن پر اپنے قریبی حلقوں میں کئی اعتراضات بھی اٹھائے ہیں۔

دوسری جانب بابر اعظم کے اعتراضات پر وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کی جانب سے ایک ویڈیو  بھی سامنے آئی ہے جس میں ان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹیم سلیکشن میں بابر اعظم سے مشاورت نہیں کی گئی، بابر سے پوچھا جانا چاہیے تھا کہ کن کھلاڑیوں کو اہم دورے میں ساتھ لے کر جانا ہے۔ اپنی یوٹیوب ویڈیو میں کامران اکمل کا  مزید کہنا تھا کہ بورڈ حکام کو بابر اعظم کو مکمل اختیارات دینے چاہیں، اگر صرف بابر اعظم اور دیگر بڑے ناموں پر ہی انحصار کیا گیا تو کرکٹ میں بہتری نہیں آ سکے گی۔

کامران اکمل کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹی 20 پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیسٹ سیریز کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب سمجھ سے بالاتر ہے، صرف لیپ ٹاک پر اعداد شمار دیکھ کر سلیکشن نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی بابر اعظم کو صرف لیپ ٹاپ سلیکٹر پر انحصار کرنا چاہیے۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔