سویڈن اور فن لینڈ کا نیٹو اتحاد میں شمولیت کا اعلان

سویڈن اور فن لینڈ کا نیٹو اتحاد میں شمولیت کا اعلان
سویڈن اور فن لینڈ نے روس کے انتباہ کے باوجود نیٹو اتحاد میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ اس یورپی اتحاد میں شامل ہونے کیلئے درخواستیں دیں گے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے فن لینڈ کو خبردار کیا تھا کہ اگر ایسا اقدام اٹھایا گیا تو یہ غلطی تصور ہوگا۔ ادھر فن لینڈ کے صدر سؤلی نینیستو نے اس فیصلے کو تاریخی دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا یہ فیصلہ یوکرین پر روسی حملے کا ردعمل ہے۔ ادھر نیٹو نے بھی اعلان کیا ہے کہ ہم سوئیڈن اور فن لینڈ کو جلد از جلد اتحاد میں شامل دیکھنا چاہتے ہیں۔ خیال رہے کہ فن لینڈ کا روس کیساتھ 1300 کلومیٹر طویل بارڈر ہے۔ وہ اب تک اپنے مشرقی ہمسایہ ملک روس کی ناراضگی اور مخالفت سے بچنے کے لئے نیٹو اتحاد سے دوری اختیار کئے ہوا تھا۔ اس اہم فیصلے سے قبل فن لینڈ کے صدر سؤلی نینیستو نے روسی ہم منصب پوتن کو ٹیلی فون کرکے آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے اس ٹیلی فون کال کو بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ روسی صدر نے ان کیساتھ بغیر کسی تلخی کے بات کی۔ فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے سؤلی نینیستو نے کہا تھا کہ میں چاہتا تھا کہ ولادیمیر پوتن کو اپنے فیصلے سے باخبر کر دوں۔ ہم خوفزدہ ہو کر کسی کونے میں خاموشی سے نہیں دُبکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارلیمنٹ کو اب اس فیصلے کی توثیق کرنا ہے۔ یقین ہے کہ اراکین پارلیمنٹ اس معاملے پر ذمہ داری کے ساتھ بحث کریںگے۔ دوسری جانب سویڈن نے بھی کہا ہے کہ وہ نیٹو اتحاد کی حمایت کرتا ہے۔ ہم اس سیکیورٹی اتحاد میں شامل ہونے کیلئے باقاعدہ ایک درخواست دیں گے اور اس کیلئے راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ سویڈن کا نیٹو اتحاد میں شمولیت کا اعلان فن لینڈ کے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے۔ سویڈن کی سوشل ڈیموکریٹس پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہمارے فیصلے کو ناصرف عوام بلکہ اپوزیشن جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔ ہم نیٹو اتحاد کی رکنیت کے لئے کام کریںگے۔ جلد ہی اس کیلئے باقاعدہ درخواست دی جائے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔