سابق وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی حکومت کو گھر بھیج کر فوری الیکشن کرائے جائیں۔ بہت تجربہ ہو چکا، ایک ہی تجربہ بار بار کرنا احمقانہ کام ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کوئی پاگل شخص ہی عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کرے گا۔ اگر پی ٹی آئی چیئرمین کو گرفتار کیا گیا تو اس شخص کا ملک میں رہنا مشکل ہو جائے گا۔ ایسا کرنے والا اپنا پاسپورٹ پھر کمبوڈیا کا بنوا لے۔ پی ٹی آئی کے مستعفی ہونیوالے ارکان اسمبلی کی جانب سے سرکاری گھر اور گاڑیاں نہ چھوڑنے سے متعلق سوال پر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہم یہ چیزیں چوروں کے حوالے نہیں کرنا چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عبوری حکومت کو 90 دن سے ایک بھی دن اوپر تسلیم نہیں کرینگے۔ اسی مدت کے اندر ملک کے اندر نئے الیکشن کرائے جائیں۔ اگر آج انتخابات کا اعلان کردیں تو ہم مل بیٹھ کر پاکستان کے مسائل حل کریںگے۔ ملک کو درپیش معاشی بحران پر بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ سیاسی بحران ہے۔ کہا جا رہا ہے آئندہ 48 گھنٹے بہت اہم ہیں لیکن میں کہتا ہوں اتنا وقت بھی اس حکومت کے لئے بہت زیادہ ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ دانستہ طور پر پاکستان کا دیوالیہ کیا جا رہا ہے۔ ایک وزیر خزانہ لندن جبکہ دوسرا پاکستان میں بیٹھا ہوا ہے۔ پاکستان کو خطرناک معاشی بحران میں دھکیلا جا رہا ہے۔ ہم تو ملکی معیشت کو مستحکم چھوڑ کر گئے تھے