ڈگریوں کی تصدیق کے بہانے مالی فراڈ، ایچ ای سی کا الرٹ جاری

ڈگریوں کی تصدیق کے بہانے مالی فراڈ، ایچ ای سی کا الرٹ جاری
کیپشن: ڈگریوں کی تصدیق کے بہانے مالی فراڈ، ایچ ای سی کا الرٹ جاری

ویب ڈیسک: ایچ ای سی نے اپنے ساتھ وابستگی کا دعویٰ کرنے والے جعل سازوں کی جانب سے دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کے خلاف الرٹ جاری کیا ہے۔ 

الرٹ کے مطابق، ’کچھ جعل ساز تعلیمی دستاویزات کی تصدیق یا دوبارہ تصدیق کے لیے ذاتی معلومات کے حصول کی فراڈ کال کر رہے ہیں۔

ایچ ای سی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ’اُس نے کسی نمائندے یا ایجنٹ کو ایسی خدمات کی فراہمی کا کوئی اختیار نہیں دیا۔‘

ایچ ای سی نے عوام کو محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے غیر مجاز افراد کے ساتھ یا جعلی آن لائن پلیٹ فارمز پر اپنی ذاتی معلومات فراہم کرنے سے منع کیا ہے۔

ایچ ای سی کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق، ’ ایچ ای سی کے نام پر آنے والی کالز یا سوشل میڈیا پر موجود پیجز کی اطلاع اپنے ٹیلی کام آپریٹرز کو دیں یا پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی ویب سائٹ پر شکایت درج کروائیں۔ مالی فراڈ ہونے کی صورت میں شہری سٹیٹ بنک آف پاکستان کی ہیلپ لائن پر شکایت درج کروا سکتے ہیں۔‘

ایچ ای سی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ ایچ ای سی کے نام پر سوشل میڈیا پر جعلی پیجز بنائے گئے ہیں جب کہ کچھ لوگ خود کو ایچ ای سی کا ایجنٹ ظاہر کر کے ڈگریوں کی تصدیق کے نام پر شہریوں سے ذاتی معلومات اور فیس وصول کر رہے ہیں۔‘

’ہائیر ایجوکیشن کمیشن شہریوں کو فون کال پر کبھی ذاتی معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ نہیں کرتا اور نہ ہی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ویب سائٹ کے علاوہ کسی دوسرے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے ڈگریوں کی تصدیق کی جاتی ہے۔‘

Watch Live Public News