واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ اشرف غنی کو افغانستان کا صدر تسلیم کرنا ہے یا نہیں اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، عالمی برادری کے ساتھ مل کر اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا، طالبان نے اگر کچھ مثبت اقدامات کئے تو ان کیساتھ مل کر کام کیا جا سکتا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں تاحال اقتدار کی باضابطہ منتقلی نہیں ہوئی ہے، اس حوالے سے عالمی برادری کے ساتھ صلاح مشورے کا سلسلہ جاری ہے ، افغانستان کی صورتحال بہت تیزی سے تبدیل ہوئی جس کی ہمیں امید بھی نہیں تھی اس لئے بہت سی چیزوں پر ابھی حکمت عملی طے کی جا رہی ہے۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ افغانستان میں نئی طالبان حکومت کے ساتھ تعلقات کا ا نحصار اس بات پر ہے کہ وہ حکومت چلانے کیلئے کس قسم کی حکمت عملی اختیار کرتے ہیں،افغانستان میں ایسی حکومت جو اپنی عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے، شدت پسند تحریکوں سے دور رہے اور ان کی پشت پناہی نہ کرے، خواتین کو ان کے بنیادی حقوق دئیے جائیں تو اس کے ساتھ کام کیا جا سکتا ہے۔