پاکستان کیخلاف سیریز سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم کو دھچکا

پاکستان کیخلاف سیریز سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم کو دھچکا
کیپشن: Bangladesh players
سورس: web desk

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش کے اوپنر محمود الحسن انجری کے باعث پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے۔

کرک بز کی ایک رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کو پاکستان کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل ایک دھچکا لگا ہے اور ان کے اوپنر محمود الحسن کمر کی انجری کے باعث باہر ہو گئے ہیں،بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی ) کی جانب سے ابھی تک محمود الحسن کے متبادل کا اعلان نہیں کیا گیا ۔

بی سی بی کے چیف فزیشن دیباشیش چودھری نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں محمود کے حوالے سے ایک میل موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی کمر میں چوٹ آئی ہے جس کے نتیجے میں انہیں تین ہفتوں کے لیے آرام دیا جا رہا ہے۔

محمود بنگلہ دیش اے ٹیم کا حصہ تھے اور انہوں نے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے سے قبل اسلام آباد میں پاکستان شاہینز کے خلاف میچ میں حصہ لیا اور فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہوئے۔

علاوہ ازیں راولپنڈی پولیس نے پریکٹس سیشن کی سیکورٹی کے لیے پلان کو حتمی شکل دے دی،کرکٹ سٹیڈیم کے اطراف میں راولپنڈی پولیس کے 1700 سے زائد اہلکار تعینات رہیں گے ،ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 350 اہلکار تعینات رہیں گے۔ 

کرکٹ سٹیڈیم کے اطراف میں ایلیٹ فورس، ڈالفن فورس کے اہلکار بھی تعینات رہیں گے ،داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب، اہم عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بھی تعینات رہیں گے ،دونوں ٹیموں کے درمیان پریکٹس سیشن کل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی،دونوں ٹیمیں کا پہلا میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے کراچی میں کھیلا جائے گا ۔

دونوں ٹیمیں کل دوپہر دو بجے سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گی،ٹریننگ سے قبل پاکستان کی جانب سے پریس کانفرنس کی جائے گی۔

Watch Live Public News