ممبئی: (ویب ڈیسک) انڈین کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی ویرات کوہلی اور مہندرا سنگھ دھونی کا آپس میں ایسا تعلق نکل آیا ہے جسے جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔ انڈین میڈیا کے مطابق انوشکا شرما کے والد بھارتی فوج میں افسر تھے، جب وہ آسام میں تعینات تھے، تو انوشکا نے وہاں کے سینٹ میری سکول میں تعلیم حاصل کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دھونی کی اہلیہ ساکشی بھی اس وقت اسی سکول میں زیر تعلیم پڑھتی تھیں۔ سوشل میڈیا پر انوشکا شرما اور ساکشی دھونی کی ایسی کئی تصاویر موجود ہیں، جن میں دونوں ایک ساتھ نظر آ رہی ہیں۔ انوشکا شرما نے 2013ء میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ 'میں اور ساکشی آسام کے ایک بہت چھوٹے شہر میں ایک ساتھ رہتے تھے۔ جب اس نے مجھے بتایا کہ وہ کہاں رہتی ہے تو میں نے کہا واہ، میں بھی تو وہیں رہتی تھی۔ ساکشی نے کہا کہ میں سینیٹ میری سکول میں پڑھتی تھی، تو میں نے حیرانی سے اسے بتایا کہ میں بھی اسی سکول میں زیر تعلیم تھی۔ ساکشی دھونی اور انوشکا شرما کی سکول کی گروپ فوٹو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہے، جس میں دونوں ایک سکول فنکشن میں نظر آ رہی ہیں۔ بچپن کی تصویر میں انوشکا گلابی رنگ کے لہنگا چنی میں نظر آ رہی ہیں، دوسری جانب ساکشی نے پریوں کا لباس پہنا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ان دونوں کی اپنے دوستوں کے ساتھ بھی ایک تصویر منظر عام پر آ چکی ہے۔ اس تصویر میں ساکشی اور انوشکا اپنے دوستوں کے ساتھ پوز دیتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔ آج دونوں اپنی اپنی زندگی میں خوش ہیں اور دونوں کی ایک ایک بیٹی ہے۔ انوشکا رواں سال جنوری میں ماں بنی تھیں اور ان کی بیٹی کا نام وامیکا ہے۔ ساتھ ہی ساکشی کی بیٹی کا نام جیوا دھونی ہے۔