اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلا رہے ہیں:وزیرخارجہ

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلا رہے ہیں:وزیرخارجہ
دبئی: ( پبلک نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج ہماری معیشت استحکام کے راستے پر گامزن اور 5 اعشاریہ 37 فیصد گروتھ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں ووٹ کا حق دلا رہے ہیں۔ دبئی میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد ایکسپو 2020ء کا وزٹ اور یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کرنا تھا۔ اس کے علاوہ میری آمد کا مقصد متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا بھی تھا۔ پچھلے دنوں متحدہ عرب امارات کی سلامتی پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی گئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ جو ملک معاشی طور پر مستحکم نہ ہوں تو دنیا ان کی بات کو سنتی ضرور ہے لیکن توجہ نہیں دیتی۔ ہم نے اسی وجہ سے جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ ہم اپنی جغرافیائی پوزیشن کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو اقتصادی مرکز بنانے میں کامیاب ہو سکیں۔ حکومت پاکستان، پہلی دفعہ اتفاق رائے سے ایک سیکورٹی پالیسی کا مسودہ سامنے لائی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس سیکورٹی پالیسی کا محور معاشی استحکام، آبی تحفظ اور فوڈ سیکورٹی ہے۔ ہمارے سفارتکاروں کو اقتصادی سفارت کاری کی ذمہ داری سنبھالنا ہوگی۔ اقتصادی سفارتکاری محض درآمدات، برآمدات تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک جامع تصور ہے۔ https://twitter.com/SMQureshiPTI/status/1494184890006663171?s=20&t=olIOEJ4H9HyWTpiCSZFRDQ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہود کو اپنی ترجیح سمجھا ہے۔ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں ووٹ کا حق دلا رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج پاکستانی، برطانیہ اور امریکہ کی پارلیمان میں جگہ بنا رہے ہیں۔ مجھے آپ کے مسائل کا بھی ادراک ہے، ہم آپ کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران ہندوستان کے سفارتخانوں کے شیشے توڑے گئے جبکہ ہم چار ہفتوں میں آپ کے تعاون سے بیرون ملک پھنسے ہوئے ڈیڑھ لاکھ پاکستانیوں کو وطن واپس لانے میں کامیاب ہوئے۔ 2018 میں جب ہم حکومت میں آئے تو ہمارے تمام اقتصادی اشاریے منفی رجحان ظاہر کر رہے تھے، ہمیں 20 ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہماری معیشت استحکام کے راستے پر گامزن ہے اور پانچ اعشاریہ 37 فیصد گروتھ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ پاکستان، غریب ملک نہیں ہے اللہ تعالیٰ نے ہمیں بے پناہ وسائل سے نوازا ہے، بس ہمیں درست سمت درکار ہے۔

Watch Live Public News