وزیر اعظم کی سری لنکن صدر سے ٹیلیفونک گفتگو،آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق مدد پر شکریہ ادا کیا

وزیر اعظم کی سری لنکن صدر سے ٹیلیفونک گفتگو،آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق مدد پر شکریہ ادا کیا
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سری لنکا کے صدر سے گفتگو میں کہا کہ آپ نے پاکستان کے دوست اور خیرخواہ کا کردار ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے سلسلے میں پاکستان کی حمایت اور مدد کرنے پر سری لنکا کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سری لنکا کے صدر سے گفتگو میں کہا کہ آپ نے پاکستان کے دوست اور خیرخواہ کا کردار ادا کیا۔ پاکستان کے عوام کی طرف سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان اور سری لنکا قریبی بااعتماد دوست ہیں، علاقائی ترقی اور امن کے لئے سری لنکا کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، امید ہے کہ پاکستان اور سری لنکا موجودہ معاشی مشکلات کے بھنور سے جلد نکل آئیں گے۔ سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم کی طرف سے نیک تمناؤں کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور جوابی خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا ۔ سری لنکا کے صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ہمارا قریبی دوست ہے، دوستوں کی مدد کرنا ہی دوستی ہے۔ سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کی مشکل حالات میں کاوشوں کو سراہا، سری لنکا کے صدر نے آئی ایم ایف معاہدہ طے پانے پر وزیراعظم کو مبارک پیش کی ۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹلینا جورجیوا سے ملاقات کے موقع پر سری لنکا کے صدر نے زور دیا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کرے ۔ سری لنکا کے صدر نے ایم ڈی آئی ایم ایف سے کہا تھا کہ ڈیفالٹ کی وجہ سے سری لنکا کو شدید مصائب کا شکار ہونا پڑا، پاکستان کو اس صورتحال سے بچایا جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔