ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت سے تعلق رکھنے والے مظفر گڑھ کے حلقے سے رکن قومی اسمبلی معظم جتوئی کو اغوا کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) اپنے ایک ٹویٹ میں بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے باوجود کہ کسی کو بھی نہیں اٹھایا جائے گا پھر بھی ناقابل تصور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
معظم جتوئی کو آج صبح مظفر گڑھ میں ان کے گھر سے اغوا کیا گیا ہے تاہم ان کے مطابق معظم جتوئی پہلے ہی سپریم کورٹ کی روشنی میں تحریک انصاف میں شمولیت کے لیے اپنا بیان حلفی جمع کرا چکے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم ایسے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور رکن قومی اسمبلی کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہم ایسے اغوا سے متعلق عدالت کو آگاہ رکھیں گے اور انہیں امید ہے کہ عدالت اس پر کارروائی کرے گی۔