اسلام آباد (پبلک نیوز) الیکشن کمیشن نے پی پی 84 خوشاب کی خالی نشست پر الیکشن شیڈول جاری کر دیا۔ پی پی 84 کی نشست مسلم لیگ ن کے رہنما محمد وارث کلو کی وفات کے بعد خالی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق ) الیکشن کمیشن نے پی پی 84 خوشاب کی خالی نشست پر الیکشن شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پی پی 84 کی خالی نشست پر پولنگ 5 مئی کو ہوگی۔ امیدواروں کی طرف سے کاغذات نامزدگی 19 سے 24 مارچ تک جمع کروائے جائیں گے۔ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 25 مارچ جبکہ سکروٹنی کا عمل 31 مارچ کو مکمل ہوگا۔
ریٹرننگ افسر کی طرف سے مسترد کئے گئے کاغذات پر 4 اپریل تک ٹریبونل میں میں اپیل کی جا سکتی ہے، ٹریبونل 8 اپریل تک اپیلوں پر فیصلہ جاری کرے گا۔ 9 اپریل کو نظر ثانی شدہ لسٹ جاری ہوگی۔
10 اپریل کو امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ 12 اپریل کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ ریجنل الیکشن کمشنر ملتان علیم شہاب ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر فیصل آباد شکیل احمد ریٹرننگ افسر کے فرائض سر انجام دیں گے۔