ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے خود بھی سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کو غلطی قرار دے دیا۔
اڈیالا جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بات چیت مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل اور شیرانی گروپ سے چلی تھی، غلطی یہ ہوئی کہ تینوں کے ساتھ اتحاد کرنا چاہیے تھا۔
اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے امریکا میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) دفتر کے باہر پارٹی کے احتجاج کو بھی درست قرار دے دیا تاہم احتجاج کے دوران فوج مخالف بینرز سے اظہار لاعلمی کیا۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ نے خود آئی ایم ایف سے قرض کیوں لیا تھا؟ عمران خان بولے کہ ہماری حکومت اس وقت تین ممالک سے بات کر رہی تھی ملک چلانے کیلئے 3 ممالک نے جو قرضہ دیا وہ ناکافی تھا اس لیے مجبوراً آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔