ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملوں کی مذمت کی ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق ترجمان تحریک انصاف نے مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور شمالی وزیرستان میں خود کش حملوں کے نتیجے میں7 افسران و جوانوں کی جانوں کے ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کا جواں مردی سے مقابلہ کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پاکستانی قوم اور افواج کے بہادر جوانوں نے تاریخی قربانیاں پیش کی ہیں۔ ملک بھر خصوصاً خیبرپختوا اور بلوچستان میں اٹھنے والی دہشت گردی کی نئی لہر حکمرانوں سے مؤثر اور ٹھوس حکمت عملی کے نفاذ کا تقاضا کرتی ہے۔
دہشت گرد اور فتنہ پرور عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے ملک کو داخلی عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستانی قوم ملک دشمن عناصر کے خلاف اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مکمل اتحاد اور ثابت قدمی سے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو شکست فاش دینے کیلئے پرعزم ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ حملے میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں اور امن عامہ کی بحالی اور دہشت گردی کے تدارک کیلئے فوری اور مؤثر پالیسی اقدامات کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔