اسلام آباد ( پبلک نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جا رہا ہے اور تمام بری ٗ بحری اور فضائی اداروں کو اس بات پر آج صبح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ٗ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کی وجہ یہ ہے کہ نیب کے ریفرنس ٹرائل پر ہے ٗ اجازت دینے کی وجہ سے شہبا ز شریف کا کیس تاخیر کا باعث بن سکتا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر سات ارب کے اثاثوں کا کیس اور ان کا اپنے بھائی نواز شریف کی طرح واپس لانا مشکل ہو گا ٗ شہباز شریف کے خاندان کے پانچ افراد پہلے ہی مفرور ہیں اور لندن میں مقیم ہیں اور چودہ ملزموں میں اس کیس کی سب سے زیادہ اہمیت یہ ہے کہ چار ملزمان شہباز شریف کیخلاف سلطانی گواہ بن چکے ہیں ٗ اگر شہباز شریف کی اجازت دی گئی تو وہ ثبوتوں کو بدل سکتے ہیں اور سلطانی گواہوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف اس بات کا ضمانتی تھے کہ وہ نواز شریف کو وطن واپس لائیں گے ٗ انہوں نے اپنے بھائی کو واپس لانے کے بجائے خود رمضان میں سحری کھانے سے پہلے پاکستان سے بھاگنے کی کوشش کی ٗ دنیا میں یہ واحد ملک ہے جہاں پر ایک دن میں کیس داخل ہوا ٗ اسی دن فیصلہ ہوا اور اسی دن ٹکٹ بک ہوئی حالانکہ برطانیہ جانے پر پابندی ہے ٗ انہوں نے قطر میں پندرہ روز قرنطینہ کرنا تھا اور پھر وہاں سے بھاگ جانا تھا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس کے تمام ملزم ای سی ایل پر تھے سوائے شہباز شریف کے ٗ آئین کے تحت انصاف کا تقاضا ہے کہ تمام ملزمان سے ایک جیسا سلوک کیا جائے اور اسی کا فائدہ اٹھا کر ایک ملزم رات کے اندھیرے میں پاکستان سے بھاگ رہا تھا ٗ شہباز شریف نے کوئی میڈیکل دستاویزات جمع نہیں کروائیں ۔