ویب ڈیسک: امریکا میں مویشیوں سے انسان کو برڈ فلو لگنے کا پہلا کیس سامنے آنے پر ماہرین صحت تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک مقامی ڈیری فارمر کو برڈ بلو کا یہ وائرس اپنی گائے سے منتقل ہوا، یہ کیس جلد ہی پکڑا گیا اور سانس کی تکلیف شروع ہونے سے پہلے ہی مریض کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ انسان سے انسان کو برڈ فلو لگنے کا امکان فی الحال بہت ہی کم ہے۔ تاہم پریشانی کی بات یہ ہے کہ امریکا میں پولٹری سے لائیو اسٹاک تک برڈ فلو پھیلنے کا بھی یہ پہلا کیس ہے۔
دنیا میں برڈ فلو کی حالیہ وبا 2020 میں پھوٹی تھی، تب سے یہ وائرس صرف پولٹری اور جنگلی جانوروں میں پایا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق پرندوں سے انسانوں کو لگنے والے برڈ فلو کے بہت کم کیسز دنیا میں سامنے آئے ہیں لیکن وہ انتہائی مہلک ثابت ہوئے ہیں۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اِس وائرس کا پرندوں سے دودھ پلانے والے جانوروں تک پھیلنا ہی بہت بڑی بات ہے اور اب ثابت ہوا ہے کہ برڈ فلو گائے سے انسان کو بھی لگ سکتا ہے، تو اِس کی دوا کی تیاری کیلئے فوری اور بہت زیادہ ریسرچ کی ضرورت ہے۔