(ویب ڈیسک )محمد شکیل خان : ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے میچ کے وینیوز کی تبدیلی کا امکان ہے، میگا ایونٹ میں انڈیا کے گروپ میچز ایک کی بجائے دو وینیو پر رکھنے کی تجویزسامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیا کے میچز دو وینیو پررکھنے کی تجویز براڈکاسٹرز کی جانب سے دی گئی ہے۔ انڈیا نے چیمئنز ٹرافی میں تین گروپ میچز کھیلنے ہیں، آئی سی سی براڈ کاسٹرز بھارتی بورڈ کے بھی براڈ کاسٹر ہیں اور براڈ کاسٹرز نے ہی ایک اور وینیو کو شامل کرنے کی تجویز دی ہے ۔
براڈکاسٹرز کا کہنا ہے کہ دو وینیوز پر میچز ہونے سے براڈ کاسٹ اور ایونٹ ویلیو میں اضافہ ہوگا۔ بھارت کے میچز ایک وینیو رکھنے سے اچھا تاثر نہیں جائے گا ۔ پی سی بی نے اس تجویز کو سامنے رکھتے ہوئے راولپنڈی کا وینیو دیا ہے ۔ پی سی بی کو دو وینیوز پر میچز رکھنے پر کوئی اعتراض نہیں ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے انڈیا کے لیے ایک وینیو لاہور تجویز کیا تھا اور وہ انڈین ٹیم کی زیادہ ٹریولنگ نہ ہونے کی وجہ سے تجویز کیا گیا تھا ۔
مجوزہ شیڈول میں بھارت کے تین میچز لاہور میں شیڈول تھے جس میں 20 فروری کو بنگلہ دیش 23 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ تجویز ہے جبکہ پاک بھارت میچ یکم مارچ کو تجویز کیا گیا ہے ۔چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان بھارت نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کو گروپ اے میں تجویز کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل شیڈول کااعلان آئی سی سی کرے گی۔