لاہور ( پبلک نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس، صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل اور متعلقہ افسران کی شرکت۔ اجلاس میں تمام اضلاع بالخصوص لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں انسداد ڈینگی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو تمام نجی ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹرز کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ان ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ بخار کی صورت میں مریض کا ڈینگی ٹیسٹ لازمی کروایا جائے۔ ڈینگی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ پرائیویٹ لیبارٹریوں سے ڈینگی کیسز کی رپورٹنگ کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ تمام محکمے ڈینگی کے حوالے سے جاری گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ مانیٹرنگ، سرویلنس اور رپورٹنگ کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔ اضلاع میں انسداد ڈینگی مہم کی نگرانی ڈپٹی کمشنر کی ذمہ داری ہے۔ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے شیخوپورہ، میانوالی کے ڈپٹی کمشنرز کو ڈینگی رپورٹنگ سے متعلق شکایات کے بروقت ازالے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال اب تک ڈینگی کے 450کنفرم مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز لاہور سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنرلاہور بھی اجلاس میں شریک تھے۔ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعہ شرکت کی۔