جنوبی وزیرستان ( پبلک نیوز) جنوبی وزیرستان میں فوجی چوکی کے قریب فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ، 1 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 17 اور 18 اگست کی درمیانی شب جنوبی وزیرستان میں فوجی چوکی کے قریب فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ ہوئی۔ کانی گورم میں چوکی کے قریب شدید فائرنگ کے تبادلہ میں 1 دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ میں پاک فوج کے نائب صوبیدار سونے زئی شہید ہو گئے۔ شہید نائب صوبیدار سونے زئی کی عمر 42 برس اور ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقہ میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں۔