مون سون کانیااسپیل،طوفانی بارشیں کب ہوں گی؟محکمہ موسمیات نے بتادیا

مون سون کانیااسپیل،طوفانی بارشیں کب ہوں گی؟محکمہ موسمیات نے بتادیا
کیپشن: مون سون کانیااسپیل،طوفانی بارشیں کب ہوں گی؟محکمہ موسمیات نے بتادیا

ویب ڈیسک:محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی بھی گہرے بادلوں کی لپیٹ میں ہے، جس کی وجہ سے شہر کا موسم خوشگوار ہے جبکہ مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش ہوئی ہے۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں لانڈھی، قائد آباد، ملیر ہالٹ، رفاہِ عام، ڈیفنس، کورنگی اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، شہرِ قائد میں بارش برسانے والا سسٹم اب بھی موجود ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہے گا اور دن میں تیز ہوائیں چلیں گی، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں جنوب مغربی سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے۔ 
 سندھ
محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے بعض اضلاع میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ طاقتور مون سون ہواؤں کا ایک سلسلہ بلوچستان کے شمال وسطی، مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے گھوٹکی، سکھر، خیرپور، کشمور، جیکب آباد، شکارپور۔ لاڑکانہ، قمبر، شہداد کوٹ، نوشہرہ فیروز، شہید بینظیر آباد، میرپورخاص، عمرکوٹ۔ سانگھڑ، جامشورو اور دادو میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ موسم کی یہ صورتحال 19 اگست تک برقرار رہے گی، تھرپارکر، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، میاری، ٹنڈ اور محمد خان، کنڈ اور امیار، سجاول کے اضلاع میں 19 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور کراچی میں آندھی کا امکان ہے۔

 موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، بجلی معطل

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش، تیز ہواؤں، آسمانی بجلی کی وجہ سے کچے مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرسکتی ہیں جبکہ بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں جاری رکھیں جبکہ متعلقہ حکام کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رکھا گیا ہے۔

بلوچستان

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں کوہلو، بولان، ہرنائی، نصیرآباد، جعفرآباد، آواران، لسبیلہ، بارکھان، زیارت اور شیرانی میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک جبکہ بعض مقامات پر موسلادھاربارش متوقع ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32، خضدار میں 34 اور قلات میں 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ ژوب میں درجہ حرارت 33، بارکھان میں 32، سبی میں 38، تربت میں 34، نوکنڈی میں 45، دالنبدین میں 44، گوادر میں 33 اور جیونی میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آج سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں کم سے کم درجہ حرارت 29 جبکہ زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، شہر میں ہوا کی رفتار 3 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک جا پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر لاہور میں آج بارش برسنے کے امکانات کم ہیں۔

Watch Live Public News