(ویب ڈیسک )سابق یو ایف سی چیمپیئن کونر میک گریگر نے اعلان کیا ہے کہ وہ انڈیا میں لوگن پال سے باکسنگ میچ میں مقابلہ کریں گے۔
منگل کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر کونر میک گریگر نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ وہ ایم ایم اے فائنٹنگ میں تاحال واپس نہیں آ رہے۔
اپنی پوسٹ میں کونر نے جس اہم بات سے پردہ اٹھایا وہ یہ تھی کہ وہ انڈیا کے امبانی خاندان کے ساتھ ایک معاہدے میں ہیں جس کے تحت وہ انڈیا میں معروف امریکی یوٹیوبر اور باکسر لوگن پال کے خلاف باکسنگ میچ کھیلیں گے۔
اس سے قبل افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ میک گریگر فیدر ویٹ چیمپئن الیا ٹوپیوریو کے ساتھ فائٹ کرنے والے ہیں۔ تاہم کونور کی پوسٹ کے بعد یہ افواہیں بھی دم توڑ گئی ہیں۔
ای ایس پی این کے مطابق یو ایف سی میں ایم ایم اے فائٹنگ کے لیے مشہور میک گریگر نے 2021 سے کسی بھی مقابلے میں حصہ نہیں لیا، جب ڈسٹن پوئیر سے میچ کے دوران ان کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی۔
اس سے قبل 2017 میں میک گریگر کو باکسنگ مقابلے میں فلائیڈ مے ویدر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دوسری جانب لوگن پال نے تاحال انڈیا میں ہونے والے باکسنگ مقابلے کے حوالے سے کوئی معلومات شیئر نہیں کی۔
میک گریگر اور لوگن پال کے میچ کے حوالے سے اہم پیش رفت انڈیا کی ریلائنس انڈسٹریز کے مالک امبانی خاندان کی شمولیت ہے۔
میک گریگر کے ٹویٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ امبانی خاندان کس حد تک اس میچ میں شامل ہونے والا ہے۔
فوربز کے مطابق مکیش امبانی فوربز کی امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل ہیں، ان کی مجموعی مالیت 98.2 ارب ڈالر ہے جس سے وہ دنیا کے 18ویں امیر ترین شخص ہیں۔