اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے وفاقی وزیر مراد سعید کو اپنے بیٹوں کی طرح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جو کچھ ہوا، اس پر میں ان سے معذرت کرتا ہوں۔ ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ مراد سعید میرے بیٹوں کی طرح ہیں جبکہ ان کی بہنیں بھی میری بیٹیوں کی طرح ہیں، میں ان سے معافی مانگتا ہوں۔ میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ماضی میں جو کچھ ہوا وہ غلط تھا۔ تاہم وزیراعظم عمران خان نے یہ کلچر دوبارہ شروع کیا تھا۔ کسی طور پر بھی کسی کے خاندان کے بارے میں نازیبا زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مراد سعید پارلیمنٹ میں جس قسم کی زبان استعمال کرتے ہیں، اس کے بارے میں سب جانتے ہیں لیکن میں نے اس وقت جو الفاظ استعمال کئے تھے، تب بھی شرمندہ تھا اور اب بھی معذرت کرتا ہوں۔ حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دنوں میں اٹھایا جائے گا۔ فون کالیں استعمال نہ ہوئیں تو تحریک انصاف کے سے بہت لوگ ہمارے ساتھ ہوں گے۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ لیگی رہنما میاں جاوید لطیف نے کچھ برس قبل وفاقی وزیر مراد سعید اور ان کی بہنوں سے متعلق نازیبا زبان استعمال کی تھی، جس پر جاوید لطیف اور مراد سعید کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی۔ گذشتہ روز بھی مراد سعید نے اپنی پریس کانفرنس میں اس کا تذکرہ کیا تھا۔