سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی ایم ایف سے قسط ملنی ہے نہ ہی کسی ملک نے ان کو پیسے دینے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اسمبلی توڑ کر ملک سے فرار ہو سکتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز کے الیکشن سے اسٹیبلشمنٹ کو بھی عزت ملی۔ شکر ہے عوامی جذبات کو سمجھ لیا گیا تھا۔ پنجاب ضمنی الیکشن میں عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا۔ قوم نے غیر ملکی سازش کو بے نقاب کیا۔ لکشمی چوک پر مسلم لیگ ن کا جنازہ نکلا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت کے پاس اب اور کوئی حل نہیں ہے۔ شہبازشریف اسمبلیاں توڑیں اور الیکشن کا اعلان کر دیں۔ عمران خان نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا ہے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ https://twitter.com/ShkhRasheed/status/1548944158291034112?s=20&t=C5TGx2fzlZpaAJpfnrda1Q انہوں نے کہا کہ حکومت نے نیب قانون میں بڑی اہم ترمیم کی ہے۔ اینٹی کرپشن میں گریڈ 20 کا آدمی لگا دیا گیا تاکہ عمران خان کے ساتھیوں کو تنگ کیا جا سکے۔ منشیات کیس میں ملوث وزیر داخلہ نے میری تینوں بہنوں کے گھروں میں چھاپے مروائے۔ حکومت نے ہم پر ایک جیسے مقدمات مختلف تھانوں میں درج کئے آج عمران خان پاکستان نہیں عالم اسلام کی آواز ہے۔ پہلے ہی کہا تھا کہ 15 جولائی سے 30 اگست تک ملک کے اہم فیصلے ہو جائیں گے۔ پی ٹی آئی بہتر فیصلہ کرتی تو لاہور سے چوتھی نشست بھی جیت جاتی۔ عمران خان نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ اپنے کیسز ختم کرنے آئے تھے۔