پاکستانی عوام کا بجلی کے بلوں سے سب سے زیادہ پریشان ہونے کا انکشاف

پاکستانی عوام کا بجلی کے بلوں سے سب سے زیادہ پریشان ہونے کا انکشاف
کیپشن: Pakistani people are most worried about electricity bills

ویب ڈیسک: ایک حالیہ سروے کے اعداد و شمار کے مطابق عوام کی اکثریت نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے ان کے ماہانہ بجٹ کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔

پلس کنسلٹنٹ نامی ادارے کی جانب سے کیے جانے والے سروے میں 39 فیصد لوگوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی وجہ سے ان کا ماہوار بجٹ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جب کہ 36 فیصد نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور 32 فیصد رائے دہندگان نے اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں اضافے کو ماہوار بجٹ کو سب سے زیادہ متاثر کرنے کا سبب قرار دیا ہے۔

جولائی 11 سے 13 جولائی کے دوران پورے ملک سے 11 ہزار جواب دہندگان سے پوچھا گیا کہ کونسی تین چیزیں ہیں جن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ان کا ماہوار بجٹ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ سروے کے دوران لوگوں نے مختلف اور متعدد اشیا کے نام لیے جن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ان کو اپنا ماہانہ بجٹ منیج کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سروے کے دوران مختلف رائے دہندگان نے مختلف اشیا کے نام لیے۔ ’کسی نے ایک چیز کا نام لیا کسی نے دو اور کسی نے تین یا اسے سے زائد اشیا کے نام لیے۔‘

سروے کے نتائج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ ’رائے دہندگان میں سے 39 فیصد کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے وہ اپنے گھر کا بجٹ منیج نہیں کر پارہے ہیں۔‘

بجلی کے بعد سب سے زیادہ عوام کے معاشی حالت کو متاثر کرنے والی چیز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ 36 فیصد رائے دہندگان کے مطابق وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر ہوئے ہیں۔ واضح رہے یہ سروے 15 جولائی کو حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے قبل کیا گیا تھا۔‘

خیال رہے یہ سروے رینڈم ڈائیلنگ میتھڈ کے ذریعے کیا گیا جس کے دوران 18 سال سے زائد عمر کے 11 ہزار افراد کے انٹرویو کیے گئے۔ سروے کے سیمپل سائز میں معاشرے کی تمام  ’سوشو اکنامک کلاسز‘ کی نمائندگی شامل تھی۔

سروے ملک کے شہری اور دیہی علاقوں میں کیا گیا۔

سروے کے نتائج کے مطابق 31 فیصد رائے دہندگان نے کہا کہ ان کا بجٹ گھی یا تیل کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر ہوا ہے جبکہ 21 فیصد نے چینی اور 13 فیصد نے پھلوں اور سبزیوں کے نام لیے۔

خیال رہے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ عرصے کے دوران متواتر اضافے اور اووربلنگ کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے 200 یونٹ والے صارفین کو اگلے تین ماہ کے لیے رعایت دینے کا اعلان کیا تھا۔

Watch Live Public News