ضلع باجوڑ:تعلیم سب کیلئے مہم کے تحت طلباء کیلئے مطالعاتی، معلوماتی دورہ

پبلک نیوز: پاک فوج کی جانب سے ضلع باجوڑ کے طلباءکے لئے "تعلیم سب کے لئے" کی مہم کے تحت   مطالعاتی اور معلوماتی دورے کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے ضلع باجوڑ کے مختلف سکولوں اور کالجوں کے 30 طلباء کے لئے چار روزہ مطالعاتی اور معلوماتی دورہ کا اہتمام کیا۔ طلباء کو اسلام آباد، رولپنڈی، لاہور اور پشاور میں قائم تاریخی عمارات اور اہم تعلیمی اداروں کا دورہ کروایا گیا اور اس حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

راولپنڈی میں طلباء کو آرمی میوزیم، آرمی انسٹیٹیوٹ آف ملٹری ہسٹری، نسٹ، اور اسلام آباد میں پاکستان مونیومنٹ اور فیصل مسجد کا دورہ کروایا گیا۔ طلباء کو لاہور میں مینار پاکستان، بادشاہی مسجد، مزار اقبال، آرمی میوزیم لاہور، علامہ اقبال ریزیڈینسی اور واہگہ بارڈر کا دورہ کروایا گیا۔ 

باجوڑ کے طلباء کے لئے منعقدہ مطالعاتی دورہ کے اختتام پر پشاور میں واقع تاریخی قلعہ بالاحصار کا دورہ کروایا گیا۔ 

طلباء نے اس اہم دورہ کے انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس قسم کے دورہ کے انعقاد سے انہیں پاکستان کے اہم شہروں کے بارے میں بہت معلومات حاصل ہوئیں۔ قبائلی طلباء کے لئے اس قسم کے دورے جاری رکھے جائیں۔

Watch Live Public News