ہائی ٹیک ہائبرڈ ٹیکنالوجی کی بدولت چاولوں کی برآمدات 5 ارب ڈالر تک لے جائیں گے، شہزاد علی 

ہائی ٹیک ہائبرڈ ٹیکنالوجی کی بدولت چاولوں کی برآمدات 5 ارب ڈالر تک لے جائیں گے، شہزاد علی 

(ویب ڈیسک ) سدھیر چودھری : پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ ہائی ٹیک ہائبرڈ ٹیکنالوجی کی بدولت چاولوں کی برآمدات 3 برسوں کے دوران3 ارب ڈالر سے 5 ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔

 یہ بات انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر کاشف انور اور ایسوسی ایشن کے سنیئر نائب صدر شفیق الرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شہزاد علی ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے جعلی بیج اور زرعی ادویات کے خلاف ایکشن لینے کو خوش آمدید کرتے ہیں۔ ہائی برڈ چاولوں کا برآمدات میں حصہ 60 فی صد کے ساتھ ڈیڑھ ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ زرعی شعبے کو ٹیکس نیٹ میں لانا چاہیئے۔

شہزاد علی ملک نے کہا کہ خشک سالی، گرم ترین درجہ حرارت اور نمکیات والی زمین سے پیداوار لینے کا بیج تیار کرنے میں کامیابی ملی ہے۔ ہائی برڈ ٹیکنالوجی کے استعمال سے سندھ کے غریب ہاری کی آمدن میں اضافہ ہوا۔چیئرمین ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ہائی برڈ بیج کا استعمال بڑھنے سے باسمتی چاول کا کاشت کاری رقبہ کم ہو رہا ہے۔ 30 برسوں سے سرکاری ریسرچ اداروں سے مکئی کا کوئی بیج سامنے نہیں آیا۔

شہزاد علی ملک نے کہا کہ حکومت نیشنل سیڈ ڈیویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں ہائی ٹیک ہائی برڈ ایسوسی ایشن کو نمائندگی دے۔  زرعی رقبے کو بڑھانے کے ساتھ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ہائی برڈ ٹیکنالوجی کی بدولت چاول اور مکئی کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل سیڈ کارپوریشن میں 600 کے قریب بوگس کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔ مجھے انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود 10 ارب ڈالر کی خوراک درآمد کرتے ہیں۔ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کرنے والی اصل کمپنیوں کو ساتھ لے کر زرعی پیداوار کو بڑھانے پرکام کیا جائے۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں ایسوسی ایشن کو نمائندگی دی جائے۔ 

شہزاد علی ملک نے کہا کہ سیڈ مافیا، گندم کے ذخیرہ اندوزوں، بنولا کو بیج کی حیثیت سے فروخت کرنے والے کاٹن جنرز اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا عزم بھی دور رس نتائج کا حامل ہوگا۔ 

لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور کا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ پر توجہ دینے سے نہ صرف ملک سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ قیمتی زرمبادلہ کا حصول بھی ممکن ہوسکے گا۔

Watch Live Public News

ہیڈ اکنامک افئیرز