ویب ڈیسک: سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں کے دوران فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام پر پابندی عائد کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزرا و سرکاری افسران کیلئے بیرون ملک سفری پالیسی کا اجراء کردیا ہے۔ وفاقی حکومت کی بیرون ملک سفری پالیسی کے مطابق وفاقی وزراء، وزیرمملکت، مشیر اور معاونین کے سرکاری دورے وزیراعظم کی منظوری سے مشروط ہوں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ سیکریٹریز، ایڈیشنل سیکریٹریز اور انچارج ڈویژنز کے سرکاری دورے بھی وزیراعظم کی اجازت سے مشروط ہوں گے، 20 یا اوپر کے گریڈ کے افسران اور تین ممبران کے وفد کی اجازت متعلقہ وزیر سے لی جائے گی۔
معاون اسٹاف کے بیرون ملک سفر کرنے پر بھی پابندی عائد:
پالیسی کے مطابق وزیر اور سیکرٹری کے ایک ہی وقت بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد ہوگی ہے۔ استثنیٰ کیلئے متعلقہ وزیریا ڈویژن کووزیراعظم سے اجازت لینا ہوگی۔
پالیسی کے مطابق سرکاری افسران کے فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام پر پابند عائد ہوگی ، دوروں کے بجائے ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دی جائے، بیرون ممالک کانفرسز میں حتی الامکان کوشش کی جائے کہ سفارتخانہ کے افسران شرکت کریں۔
دستاویزات کے مطابق وفاقی وزیر، وزیرمملکت، مشیر اور معاونین سال میں بیرون ممالک کے 3 دورے کرنے کے مجاز ہوں گے جن کی تفصیلات وزارت خارجہ کو فراہم کرنا لازمی ہو گی تاہم وزارت خارجہ اور وزارت تجارت کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
دستاویزات کے مطابق وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ، اسپیکرقومی اسمبلی اور کابینہ اراکین بزنس کلاس سفر کے مجاز ہوں گے ۔ صدر ، چیف جسٹس ، چیئرمین جوائنٹ چیفس اور سروسزچیفس فرسٹ کلاس سفر کے مجاز قرار دیے گئے ہیں۔