اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان نے القادر ٹرسٹ کیس میں نیب کو تحریری جواب جمع کروا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے 5 صفحات پر مشتمل جواب جمع کرادیا ہے۔ عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے بنایا گیا کیس غلط اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ نیب کا کیس کو انکوائری سے انویسٹی گیشن میں بدلنا سیاسی کیس ہے ، نیب نے جو موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے مارچ میں جاری نوٹس کا جواب نہیں دیا اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے جھوٹ پر مبنی ہے ۔ عمران خان نے جواب میں کہا کہ عمران خان نے 2 مارچ کو دییے گئے نوٹس کا مکمل تفصیلی جواب جمع کروایا تھا۔ نیب نے توشہ خانہ کیس میں بھی جس انداز سے نوٹس جاری کیا وہ طریقہ کار اس نوٹس میں اپنایا گیا ہے۔ القادر ٹرسٹ کیس کو بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ جواب میں یہ بھی کہا گیا کہ نیب کا یہ کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ عمران خان کو فراہم کی گئی وہ بھی آدھا سچ ہے۔ نیب نے انکوائری مکمل ہونے کے بعد 28 اپریل کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کے باوجود مجھے تفصیل فراہم نہیں کی۔ دو مئی کو خط لکھ کر انکوائری رپورٹ فراہم کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ جواب میں کہا گیا کہ ملک ریاض خاندان اور این سی اے کے درمیان ہونے والی خط و کتاب کا ریکارڈ میرے پاس نہیں۔ این سی اے کو دی جانے والی درخواست کی کاپی میرے پاس نہیں۔ این سی اے اور حکومتی اداروں کے درمیان ہونے والی خط و کتابت کا تمام ریکارڈ متعلقہ حکومتی اداروں کے پاس ہے۔ القادر ٹرسٹ کا چیف فنانشل آفیسر پہلے ہی آپ کو بہت سا ریکارڈ فراہم کر چکا ہے۔ مزید کوئی نیا سمن جاری کرنے سے پہلے اپنا ریکارڈ چیک کر لیں۔