اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) پاکستان بھر میں کورونا کیسز کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے جب گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح ایک بار پھر بڑھ کر 8 فیصد کے قریب پہنچ گئی، کورونا سے مزید 74 مریض جان کی بازی ہار گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 55 ہزار 634 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 4 ہزار 373 افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، جنہیں فوری طور پر ہسپتال داخل کر لیا گیا یا گھر پر ہی قرنطینہ ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ مہلک کورونا وبا سے اموات کی مجموعی تعداد 24 ہزار 713 تک پہنچ گئی جبکہ این سی او سی کی طرف سے عوام کو مسلسل یہ ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز کا خیال رکھیں اور فوری طور پر اپنے قریبی ویکسی نیشن سنٹر پر جاکر ویکسین لگوائیں اور خود کو کورونا سے محفوظ کریں۔