لاہور ( پبلک نیوز) جشن آزادی کے موقع پر مینار پاکستان پر عائشہ نامی ٹک ٹاکر کو ہراساں کرنے والے افراد کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا، 56 نوجوانوں کی تصاویر نادرا کو بھجوا دی گئیں، شناخت کے بعد ان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی چار ٹیمیں تیار کر لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر مینار پاکستان کے سائے تلے عائشہ نامی ٹک ٹاکر کو ہراساں کرنے والے افراد کی شناخت کا عمل شروع ہو گیا ہے، ابھی تک پولیس نے 56 افراد کی تصاویر حاصل کر لی ہیں، یہ تصاویر 24 مختلف ویڈیو کلپس میں سے حاصل کی گئی ہیں ۔ یہ 56 افراد مختلف مواقع پر اس لڑکی کے ارد گرد رہے اور اس حوالے سے پولیس کی طرف سے ان افراد کی گرفتاری کے بعد واقعہ کی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔ محکمہ پولیس کی طرف سے یہ 56 تصاویر نادرا کو بھجوا دی گئی ہیں جس کے بعد ان افراد کی شناخت کے بعد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی طرف سے ان ملزمان کی گرفتاری کیلئے چار ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، نادرا کو یہ تصاویر مل چکی ہیں اور دس محرم کے باوجود ان افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔