فارورڈ کہوٹہ ( پبلک نیوز) مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ باغ میں تنویر الیاس کو اسلام آباد سے سمگل کر کے آزاد کشمیر لایا گیا ہے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک آفیسر کو ایک ارب روپے کی رشوت دی،کیا ایسا گیڈر آپ کا لیڈر ہو سکتا ہے، 2016 میں جب نواز شریف وزیر اعظم تھے تو انہوں نے مسلم لیگ (ن) سے سینیٹ کا ٹکٹ مانگا ، یہ مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونا چاہیے تھے انہوں نے نواز شریف صاحب کو پیغام دیا کہ میں 50 کروڑ روپے پارٹی فنڈ میں دیتا ہوں مجھے سینیٹ کا ٹکٹ دیں، نواز شریف صاحب نے واپس پیغام دیا کہ نوا ز شریف ٹکٹ دیتا ہے ، بیچتا نہیں ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے فارورڈ کہوٹہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سے انکار کرنے والے کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا مگر جس نے رشوت دی ہے ، جو رشوت دے کر خریدنے والا وہ عمران خان کے ساتھ سٹیج پر کیوں بیٹھا ہے۔ پہلے ورلڈ کپ جیت کر بھارت کو حوصلہ دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کا سٹیٹس چینچ کر لے پھر تمہاری وزیر نے جب تمہیں آزاد کشمیر کا جھنڈا دیا تو تم نے اسے ہاتھ لگانا بھی ضروری نہیں سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مقدمہ کمزور نہیں ہے، کشمیر کا آج کل جو جعلی وکیل عمران خان ہے وہ کمزور ہے، یہ مقدمہ صرف نواز شریف جیسا بہادر لیڈر لڑ سکتا ہے، یہ مقدمہ صرف آزاد کشمیر کی شیرنی اور شیر لڑ سکتے ہیں، مقبوضہ کشمیر والوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گے، میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ نواز شریف اور آزاد کشمیر کے سب میرے بھائی آپ کا مقدمہ لڑیں گے اور سلیکٹڈ کی طرح کشمیر کو مودی کے حوالے نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سن لو ، ہم آزادی لے کر رہیں گے، ہم کشمیر کو آزاد بھی کروائیں گے اور نواز شریف کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر جائیں گے، نواز شریف نے برہان وانی کا مقدمہ لڑا ، چھ ایٹمی دھماکے کئے اور اس کو تم نے غدار کہا ، اگر وہ غدار ہے تو ہم سب غدار ہیں۔ پاکستان میں جو جتنا بڑا محب وطن ہوتا ہے اس کو غداری کا بھی اتنا بڑا لقب دیا جاتا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ غداری اور چوری کا لقب بانٹنے کیلئے ہم نے بہت سی فیکٹریاں رکھی ہوئی ہیں، عوامی مقبولیت میں جب مقابلہ نہ ہو سکے تو پٹاریاں رکھی ہوئی ہیں، کبھی غدار کا لقب نکلتا ہے ، کبھی چور کا لقب نکلتا ہے، کشمیری بھائیو ! یہ بات یار رکھنا کہ پاکستان میں جس کو غدار کا لقب دیا گیا وہ اتنا ہی محب وطن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر کھڑے پاکستان کی فوج کے ان محفظ بیٹوں کو بھی سلام پیش کرنا چاہتی ہوں جو کسی بھی سیاست سے بالاتر ہو کر سرحدوں پر جانیں ہاتھوں میں لئے اپنے وطن کی حفاظت کر رہے ہیں، میرے فوجی بیٹو ! فوجی بھائیو میں آپ سب کو دونوں ہاتھوں سے سلام پیش کرتی ہوں۔ مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر نے کہا کہ میں تیرہ دن کشمیر میں ہوں اور میں نے کسی پیسوں والی مشین کے پاس جلسہ نہیں کیا، کل میں باغ میں گئی ، اسی باغ میں مجھ سے ایک دن پہلے اپنی نئی نویلی اے ٹی ایم کے پاس عمران خان نے آکر جلسہ کیا تھا، تمام تر سرکاری اخراجات کے باوجود اس جلسے میں باغ کے لوگوں نے جانے سے انکار کر دیا۔