عمران خان پر آرٹیکل 6 کا معاملہ، صدر مملکت نے اعلیٰ سطح اجلاس طلب کرلیا

عمران خان پر آرٹیکل 6 کا معاملہ، صدر مملکت نے اعلیٰ سطح اجلاس طلب کرلیا
کیپشن: عمران خان پر آرٹیکل 6 کا معاملہ، صدر مملکت نے اعلیٰ سطح اجلاس طلب کرلیا

ویب ڈیسک: عمران خان پر آرٹیکل چھ لگانے کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اعلیٰ سطح اجلاس طلب کرلیا۔ 

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف پر پابندی اور مخصوص نشستوں کے معاملے پر صدر مملکت نے ایوان صدر میں اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مخصوص نشستوں اور پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق مشاورت کی گئی۔

ذرائع پیپلزپارٹی کے مطابق مشاورتی اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی، مخصوص نشستوں اور دیگر اہم معاملات پر گفتگو ہوئی۔ پی پی رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک جمہوری جماعت ہے۔ پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت ہے۔ پیپلزپارٹی ہر آئینی اور قانونی فیصلے کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

پی پی رہنماؤں نے کہا کہ تحریک انصاف کا رویہ جمہوری نہیں۔ تحریک انصاف اگر خود کو سیاسی جماعت کہتی ہے تو رویہ بھی سیاسی جماعت جیسا اپنانا ہوگا۔ کسی پارٹی پر پابندی کا فیصلہ ایک اہم فیصلہ ہوگا۔

پی پی رہنماؤں نے تجویز کیا کہ کسی جماعت پر پابندی کا فیصلہ مشاورت اور سب پہلو دیکھ کر کیا جائے۔

سپریم کورٹ فیصلے پر ن لیگ کا پیپلزپارٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ:

سپریم کورٹ کیجانب سے تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں  دینے کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ  مشاورت کا آج سے آغاز کردیا۔ 

پاکستان مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان مذاکرات آج دوپہر ایوان صدر میں ہوں گے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما آج پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ صدر آصف علی زرداری بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔ 

پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے اسحاق ڈار،  اعظم نذیر تارڑ،  عطاءاللہ تارڑ،  عرفان قادر، احمد چیمہ اور سردار ایاز صادق مذاکرات میں شریک ہوں گے۔ اٹارنی جنرل منصور اعوان کیس سے متعلق صدر مملکت آصف علی اور ارکان کو بریف کریں گے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک، شیری رحمان،  نئیر بخاری مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما پیپلزپارٹی کو پی ٹی آئی پر پابندی اور تین رہنماؤں پر آرٹیکل 6 لگانے کے فیصلے پر اعتماد میں لیں گے۔ 

وزیرقانون اور اٹارنی جنرل کی وزیراعظم سے ملاقات:

مخصوص نشستیں، پی ٹی آئی پر پابندی اور آرٹیکل 6 اور ایڈہاک ججز کی تقرری کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ 

ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور اعوان نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے۔ وزیر قانون  اور اٹارنی جنرل نے وزیر اعظم کو قانونی پہلوؤں پر بریف کیا۔

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور صدر کو قانونی بریفنگ سے متعلق بھی امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی سے کیسز پر لیگل ٹیم کو بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کردی۔

Watch Live Public News