پبلک نیوز: لاہور کی سیشن عدالت نے بچی سے زیادتی کے ملزم عمران کو عمرقید کی سزا سنادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ میں بچی سے زیادتی کے ملزم کو عمر قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی گئی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج کنیزہ فائزہ بھٹی نے ملزم کو سزا کا حکم سنایا۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کے روبرو اپنے دلائل میں کہا کہ ملزم عمران کے خلاف تمام تر شواہد موجود ہیں۔ عدالت میں پراسیکیوٹر سحر عنبیرین نے ملزم کے خلاف شہادتیں پیش کیں۔
پراسیکیوٹر نے دلائل میں مزید کہا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بھی ملزم قصوروار قرار پایا ہے۔ یاد رہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ ساندہ میں مقدمہ 2024 میں درج کیا گیا تھا۔