پاسپورٹ بنوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

پاسپورٹ بنوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری
کیپشن: Passport
سورس: web desk

(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاسپورٹ بنوانے کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے گا، گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلنے سے شہریوں کو بہت سہولت ملی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن لاہور پہنچے جہاں وفاقی وزیرداخلہ نے پاسپورٹ بنوانے کے لئے آئے شہریوں سے ملاقات کی، محسن نقوی نے ڈپٹی ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس کوبزرگ شہریوں کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں، انچارج پاسپورٹ آفس کو شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے بھی ہدایات دیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلنے سے شہریوں کو بہت سہولت ملی ہے، رش بھی کم ہوا ہے اور شہریوں کے لئے انتظار کی زحمت بھی ختم ہوئی ہے، پاسپورٹ بنوانے کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے گا۔ 

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کے دورے کے موقع شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے تھے، جس پر وزیر داخلہ نے آفس میں رشوت ستانی اور شہریوں کی تذلیل کرنے پر ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس کو تبدیل کرنے کا حکم دیا تھا۔

شہریوں کی جانب سے شکایات کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ’ پاسپورٹ آفس کی دیواریں بھی پیسے مانگتی ہیں، پیسے دیں تو پاسپورٹ کو پہیے لگ جاتے ہیں، گارڈ سے لے کر اوپر تک ہر کوئی پیسے مانگتا ہے۔

Watch Live Public News