مظفرگڑھ: لیگی رکن پنجاب اسمبلی تحریک انصاف میں شامل

مظفرگڑھ: لیگی رکن پنجاب اسمبلی تحریک انصاف میں شامل

لاہور(پبلک نیوز) مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے صوبائی حلقے پی پی 269 سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے اظہر عباس چانڈیا نے حکمران جماعت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی. اظہر عباس چانڈیا نے چوک سرور شہید میں کارنرمیٹنگ کے دوران مسلم لیگ ن سے پاکستان تحریکِ انصاف میں جانے کا اعلان کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اور بھی کئی ارکان پی ٹی آئی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔

اظہر عباس چانڈیا نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے ٹکٹ سے منتخب ہوا تھا، اب سمجھ لیں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اظہر عباس چانڈیا کے تحریک انصاف میں شمولیت کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اظہر عباس چانڈیاکا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان خوش آئند ہے۔ جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی مزید مضبوط ہو گی ۔عثمان بزدار نے کہا اظہر عباس چانڈیاکا پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان مخالف جماعت کیلئے بڑا سیاسی دھچکا ہے، یہ کھوکھلے نعروں اور خالی تقریروں سے عوام کو بہلانے والوں کے لئے نوشتہ دیوار ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا اظہر عباس چانڈیاسے احترام کا رشتہ ہے اور ان سے پہلے بھی ملاقاتیں رہی ہیں۔مخالف جماعت کی منفی سیاست کے باعث ان کے اپنے بھی ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔ یہ سلسلہ رکے گا نہیں بلکہ مزید بڑھے گا۔ تحریک انصاف کی عوامی خدمت کی سیاست کے باعث مخالفین کی سیاسی دکانداری ہمیشہ کے لیے بند ہو گئی ہے ۔ جنوبی پنجاب سے کیے گئے وعدے پورے کررہے ہیں۔ خلوص نیت سے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔