ہر ملک کی ترقی کا دارومدار جدید ٹیکنالوجی کے حصول پر ہے:مریم نواز

ہر ملک کی ترقی کا دارومدار جدید ٹیکنالوجی کے حصول پر ہے:مریم نواز
کیپشن: ہر ملک کی ترقی کا دارومدار جدید ٹیکنالوجی کے حصول پر ہے:مریم نواز

ویب ڈیسک: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے پاکستان میں انفارمشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے ڈیجیٹل کو آپریشن آرگنائزیشن (ڈی سی او) کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دور حاضر میں ہر ملک کی ترقی کا دارومدار جدید ٹیکنالوجی کے حصول پر ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے ملاقات میں ڈی سی او کی سیکریٹری جنرل دیمہ الیحییٰ نے تحقیق اور جدت طرازی کے ذریعے پنجاب کی ڈیجیٹل معیشت کی نمو کو تیز کرنے کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مستقبل کے خدوخال پر تبادلہ خیال کیا۔

دیمہ الیحییٰ کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی پارکس کی تشکیل، بینڈوڈتھ پر سبسڈی دینا اور ڈیجیٹل مہارتوں میں سرمایہ کاری جیسے تذویراتی اقدامات کے ساتھ ’سب کے لیے ڈیجیٹل خوشحالی‘ کا مقصد حاصل کیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر گفتگو میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں میں آئی ٹی کی صلاحیتیں موجود ہیں، بہترتربیت اور ٹیکنالوجی کی فراہمی سے ان کا مستقبل سنوارا جا سکتا ہے، نوجوانوں کو نوکری تلاش کرنے کے بجائے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے قابل بنانا ہے۔

پنجاب سے سعودی کمپنیوں کو تربیت یافتہ آئی ٹی کی افرادی قوت فراہم کرنے کے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ٹیک انکیوبیٹرز کے ساتھ اسٹارٹ اپ ایکسچینج پروگرام قائم کرنا چاہتے ہیں، دونوں ممالک چپ بنانے کی صنعت، لیتھیم آئن بیٹریوں، الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں مل کر کام کرسکتے ہیں۔

مریم نواز نے دونوں ممالک کو زراعت اور کان کنی کی ٹیکنالوجیز پر کام کرنے کے لیے مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین کو ڈیجیٹل معیشت سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستانی نوجوان فری لانسرز کی محنت سے ملک میں اربوں ڈالر کا زرمبادلہ آرہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت میں لوگوں، کمپنیوں اور ممالک کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، لاہورمیں جدید آئی ٹی سٹی بنانے جا رہے ہیں، جس میں آئی ٹی اینڈ ٹیک ڈسٹرکٹ، ایجوکیشن سٹی، فلم سٹی، کمرشل اور رہائشی علاقے تعمیر کیے جائیں گے۔

دیمہ الیحییٰ نے کہا کہ خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت ڈی سی او کے مینڈیٹ کا بنیادی حصہ ہے، تنظیم خواتین اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل بااختیار بنانے کے لیے کام کررہی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملکر کام کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت موجود ہے، پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں ڈی سی او اپنا کردار ادا کرے گا۔

پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور کلاؤڈ سروسز فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔