اسلام آباد (پلک نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ترکمانستان کے وزیر خارجہ میریدوف راشد کی ایوانِ صدر میں مُلاقات۔ ٹاپی پائپ لائن منصوبے پر تیز پیشرفت کیلئے جائنٹ ورکنگ گروپ کے تحت کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان اور ترکمانستان کے مابین مختلف شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں۔ پاکستان اور ترکمانستان بڑے عالمی اور علاقائی فورمز پر ایک جیسے خیالات کے حامل ہیں۔ پاکستان ٹاپی منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔ دونوں ممالک کو علاقائی روابط میں تیزی لانے کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اُمید ہے کہ او آئی سی کا 17 ویں غیر معمولی اجلاس افغانستان میں بڑھتے ہوئے بحران کے حل میں عالمی تعاون حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔ عالمی برادری افغانستان میں صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرے، مشکل وقت میں مدد کرے۔ افغانستان کو مزید دبانے کی بجائے منجمد رقم غیر منجمد کرنے کی ضرورت ہے۔ ترکمانستان کے وزیر خارجہ نے مُلاقات کے دوران صدر مملکت کو ترکمان صدر کی نیک خواہشات پہنچائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی صدر کے دورہ ترکمانستان سے دونوں برادر ممالک کے مابین دوطرفہ تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی۔