کالام:شدید برفباری کےبعد رابطہ سڑکیں بلاک،سیاح ہوٹلوں تک محصور

کالام:شدید برفباری کےبعد رابطہ سڑکیں بلاک،سیاح ہوٹلوں تک محصور
کیپشن: کالام:شدید برفباری کےبعد رابطہ سڑکیں بلاک،سیاح ہوٹلوں تک محصور

ویب ڈیسک: ملک کے متعدد مقامات پر بارش اور برفباری جاری ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق بلتستان ڈویژن کے نشیبی علاقوں میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، برفباری کے باعث متعدد بالائی علاقوں کے ساتھ زمینی رابطے بھی منقطع ہیں۔

کالام میں شدید برف باری کے بعد رابطہ سڑکیں بلاک ہوگئیں اور سیاح ہوٹلوں تک محصور ہوگئے۔ دیامر، غذر، استور،اسکردو کے بالائی علاقوں میں برفباری سے بھی گاڑیاں پھنس گئیں،کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہِ قراقرم بند ہوگئی۔

مری میں تیز ہواؤں کے ساتھ برفباری میں انتظامیہ نے سیاحوں اور عوام الناس کو احتیاط سے سفر کرنےکی ہدایت کی ہے۔

مری میں 8 انچ برف پڑچکی ہے، مری ایکسپریس وے پر پھسلن کے باعث بدترین ٹریفک جام ہے، برفباری کے ساتھ بجلی کا بریک ڈاؤن ہوگیا ہے، بیشتر علاقوں کو بجلی سپلائی متاثر ہے جس سے سیاحوں اور مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے باعث پنجاب کا درجہ حرارت کم ہو گیا،صوبائی دارالحکومت سمیت سمیت کا درجہ حرارت 4 ڈگری کم ہونے سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا،کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، اٹک، جہلم،گجرات،سیالکوٹ، نارووال اور میں صبح کے اوقات میں  تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ   بارش کا امکان  ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 88 فی صد ہے،دنیا بھر میں فضائی آلودگی میں لاہور 182 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

سیالکوٹ / بارش 
سیالکوٹ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،سیالکوٹ  میں گہرے کالے بادل چھائے ہوئے ہیں۔

راولپنڈی،اسلام آباد / بارش  

راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش  سے نشیبی علاقے زير آب  آگئے، مری میں تیز ہواؤں نے بل بورڈز گرادیے، ایبٹ آباد ، پشاور ، لوئر دیر سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں چار افراد جاں بحق اور 9  زخمی  ہوگئے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش اور ژالہ باری  ہوئی۔

ایبٹ آباد / بارش اوربرفباری

ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات نتھیا گلی، ڈونگا گلی، ٹھنڈیانی، ایوبیہ میں شدید برفباری سے رابطہ سڑکیں منقطع ہوگئیں۔

بارش کاسلسلہ تیسرے روز میں داخل ہوگیا،پہاڑوں پہ برفباری کاسلسلہ بھی جاری ہے،سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا،ٹھنڈیانی میں دوفٹ سے زایدبرف پڑھ گئی، برفباری کی وجہ سے مری روڈ سمیت تمام رابطہ سڑکیں بند ہیں۔
ایبٹ آباد میں  ٹھنڈیانی روڈ کی بندش کی وجہ سےدرجنوں دیہات کارابطہ منقطع ہوگئی،بالائی علاقوں میں بجلی کاطویل بریک ڈاٶن جاری ہے،سڑکوں کی بندش سے علاقہ مکین محصو ر ہوکررہ گئے،خوراک اور ایندھن کی لکڑی ناپید ہے،جی ڈی اے کاعملہ اور مشنیری سڑکیں کھولنے میں مصروف ہیں۔

گلگت/ بارش اور برفباری

گلگت کے  بالائی علاقوں سمیت میدانی علاقوں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے،بلتستان ڈویژن، دیامر ڈویژن، ہنزہ، استور، غذر میں برفباری سے سفیدی چھا گئی۔شاہراہ قراقرم خیبر پختونخوا کے علاقے اپرکوہستان میں زید کھڈنالہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہے،اپر کوہستان میں برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔اچھار نالے میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ شاہراہ بند ہے۔

سکردو روڈ بھی باغیچہ، شنگوس سمیت چار دیگر مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہے،شدید بارشوں اور برفباری کے باعث فی الحال شاہراہوں کی بحالی ممکن نہیں۔وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال میں الرٹ رہنے کا حکم دیدیا ہے جبکہ تمام بند شاہراہوں کو جلد بحال کرنے کے احکامات بھی دی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ  کا کہنا ہے کہ بند شاہراہوں سے ملبہ ہٹانے کی کوششیں جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے مسافر اور سیاحوں سے  لہذا تمام مسافر اور سیاحوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 وزیرآباد
وزیرآباد کے شہر اور گردونواح کے علاقوں میں موسلادھار بارش جاری ہے،مضافاتی علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، بارش اور ژالہ باری سے سردی کی پھر سے لوٹ آئی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام سردی کی شدت سے خود کو بچا کر رکھیں ۔
کوٹلی لوہاراں/ بارش 
کوٹلی لوہاراں ہیڈ مرالہ روڈ مضافات میں موسلادھار بارش اور برف کے اولے برسے،ژالہ باری اور بارش سے سردی کی شدت میں پھر اضافہ ہوگیا۔ 

پشاور/موسم صورتحال

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور میں مطلع صاف ہے،صوبے کے بالائی اضلاع میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔شام کے اوقات میں صوبے کے بالائی اضلاع میں   بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے،کم سے کم درجہِ حرارت 10 ڈگری سنٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے،زیادہ سے زیادہ 15 ڈگری سنٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان  ہے۔

 محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا جبکہ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے نیا  مراسلہ جاری کردیا۔  پی ڈی ایم اے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ برفباری اور بارشوں سے لینڈسلائیڈنگ کاخدشہ ہے،بارشوں اور برفباری کا سلسلہ آج تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری ،گلیات اور گردو نواح میں شدید بارش اور برفباری کی صورتحال ہے۔ بارش اور برفباری کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا،ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے ،ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے تیاریاں مکمل ہیں ۔

ڈی جی پی ڈی ایم عمران قریشی نے کہا کہ سیاحوں سے گزارش ہے کہ انتظامیہ سے تعاون کریں،موسم کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے سفرکی منصوبہ بندی کریں۔پی ڈی ایم اے نے مری انتظامیہ کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کا سامان مہیا کیا ہے۔پوری کوشش ہے برف بازی کے سیزن میں جانی و مالی نقصان نہ ہو۔ ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔