ویب ڈیسک: ہیٹی سے ٹرکس اور کایکوس جزائر جانے والی ایک کشتی میں آتشزدگی سے 40 تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں 80 سے زائد تارکین وطن سوار تھے۔
بیان کے مطابق ہیٹی کے کوسٹ گارڈ نے 41 افراد کو بچا لیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں جن میں سے 11 کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
آئی او ایم کے سربراہ گریگوئیر گڈسٹین نے اس المناک واقعے کی ذمہ داری ہیٹی کے سکیورٹی حکام پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیٹی کی سماجی و اقتصادی صورت حال تشویشناک ہے جس کی وجہ سے لوگ انتہائی قدم اٹھانے پرمجبور ہورہے ہیں۔
غربت زدہ کیریبین ملک سے شہریوں کی ہجرت کا سلسلہ کئی ماہ سے جاری ہے، جن میں ہزاروں لوگ قابض جرائم پیشہ گروہوں کے تشدد سے بچنے کیلئے ملک سے نکل رہے ہیں۔
کینیا کی جانب سے سینکڑوں پولیس افسران کو ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ-او-پرنس میں تعینات کیا گیا ہے، جو سیاسی، سماجی اور اقتصادی انتشار سے دوچار ملک میں استحکام لانے کی بین الاقوامی کوششوں کا حصہ ہے۔
جرائم پیشہ گروہ اب دارالحکومت ہیٹی کے 80 فیصد حصے پر قابض ہیں، رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہیں قتل، عصمت دری، چوری اور اغوا برائے تاوان کا سامنا ہے۔