(ویب ڈیسک ) سینئر صحافی مبشر لقمان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم اور دیگر کرکٹرز پر میچ فکسنگ کے سنگین الزامات عائد کر دیے۔
صحافی مبشر لقمان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک وی لاگ میں دعویٰ کیا ہے کہ بابر اعظم نے 8 کروڑ روپے کی آڈی خریدی تاہم بابر اعظم کا کہنا ہے کہ یہ ان کے بھائی کا تحفہ تھا ۔
انہوں نے وہاب ریاض، شاہد آفریدی، شاہین آفریدی، انضمام الحق، ثقلین مشتاق، اور مشتاق احمد جیسے کرکٹرز کا نام بھی لیا اور یہ دعویٰ کیا کہ وہ سب اپنے کیریئر کے کسی نہ کسی موقع پر میچ فکسنگ میں ملوث تھے۔
مبشر لقمان نے دعویٰ کیا کہ ان کے ذرائع نے انہیں بتایا ہے کہ پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران امریکا اور بھارت سے جان بوجھ کر ہار گئی جس کے نتیجے میں کھلاڑیوں نے بہت پیسہ کمایا جس کے ذریعے انہوں نے آسٹریلیا اور دبئی میں پلاٹ خریدے۔
مبشر لقمان نے آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے حوالے سے کرکٹرز پر کچھ سنگین الزامات بھی لگائے جہاں ان کے ذرائع کے مطابق 8 کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ جان بوجھ کر پرفارم نہیں کریں گے۔ انہوں نے اپنے سنگین الزامات میں 'سایا کارپوریشن' کا نام بھی لیا اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے اس ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بلیک میل کرنے کے لیے کھلاڑیوں کا استعمال کیا۔
ان کے ذرائع کے مطابق 8 کھلاڑیوں نے 60 لاکھ روپے ماہانہ کے سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کیے اور اس کے علاوہ اپیکس کرکٹ بورڈ کو بلیک میل کرنے کے بعد انڈورسمنٹ اور اسپانسر شپ پر دستخط کیے۔