ویب ڈیسک: سندھ کابینہ نے صوبے بھر میں کسان کارڈ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کسان کارڈصرف ہاریوں کو جاری ہوگا۔ یہ ان کسانوں کو بھی جاری ہوگا جس کی 12 ایکڑ زمین ہے اور خود کاشت کرتا ہے۔ اگلے 6 ماہ میں کسان کارڈ پورے سندھ میں جاری کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گندم کی خریداری میں کسان کارڈ والوں کو ترجیح دی جائے گی۔ کسی قدرتی آفت کی صورت میں کسان کارڈ کے ذریعے ہاریوں کی مدد کی جائے گی۔ آج کابینہ نے کسان کارڈ شروع کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی ہے کہ کسان کارڈ شروع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کی سائنٹیفک بنیادوں پر ترقی کیلئے اقدامات کریں گے۔ اگلے بجٹ میں چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر ہر ضلع کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو کسان کارڈ شروع کرنے کے لئے پالیسی بنانے کی ہدایت دیدی۔
چیف سیکریٹری محکمہ زراعت، محکمہ خوراک، محکمہ آبپاشی اور محکمہ ریونیو کے ساتھ اجلاس کر کے کسان کارڈ شروع کرنے کی سفارشات دیں گے۔