دمشق: فوجی بس پر بم حملہ، 13 اہلکار جاں بحق

دمشق: فوجی بس پر بم حملہ، 13 اہلکار جاں بحق

دمشق:‌ شام کے دارالحکومت دمشق میں 2 بم دھماکوں میں 13 فوجی جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے. شامی حکام کے مطابق بم حملوں میں فوجیوں کو لانے والی بس کو نشانہ بنایا گیا جبکہ سڑک پر نصب تیسرے بم کو ناکارہ بنا دیا گیا.

شامی حکام کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں فوجیوں کو لے جانے والی ایک بس کے قریب سڑک کے کنارے دو بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں کم از کم 13 فوجی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔حالیہ تاریخ میں ہونے والا یہ مہلک ترین حملہ تھا ۔ شام کے سرکاری ٹی وی نے وسطی دمشق میں جلتی ہوئی بس کی فوٹیج دکھاتے ہوئے کہا کہ دھماکے اس وقت ہوئے جب لوگ کام اور اسکولز میں جا رہے تھے۔فوری طور پر کسی تنظیم کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔ دمشق کے پولیس کمانڈر میجر جنرل حسین نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ یہ ایک بزدلانہ کارروائی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ مزید کوئی ناخوشگوار صورتحال نہ ہو۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی مشکوک شے کے بارے میں حکام کو اطلاع دیں۔واضح رہے کہ اس سال مشرقی شام میں فوج کی گاڑیوں پر داعش کے جنگجوؤں نے کئی حملے کیے ہیں. یہ بھی یاد رہے کہ شام کے صدر بشار الاسد کی افواج نے شہر کے گرد موجود باغیوں پر قابو پا لیا ہے جس کے بعد سے دمشق میں دھماکے بہت کم ہوئے ہیں۔ شام کا تنازعہ مارچ 2011 میں شروع ہوا تھا، جس میں 350،000 سے زیادہ افراد اپنے جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور ملک کی آدھی آبادی بے گھر ہو چکی ہے جبکہ 50 لاکھ افراد بیرون ملک پناہ گزین ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔