اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) توشہ خانہ کیس کا فیصلہ کل سنائے گا، الیکشن کمیشن نے ضلعی انتظامیہ سے فول پروف سیکیورٹی مانگ لی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھ دیا ہے، الیکشن کمیشن نے پولیس کی بھاری نفری کے لیے خط لکھ دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے خط میں کہا ہے کہ کل توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے وقت کارکنان کے آنے کا خدشہ ہے، ریڈ زون اور الیکشن کمیشن کی عمارت کے ارد گرد سیکیورٹی تعینات کی جائے۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے کل توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنانے کا اعلان کردیا۔ الیکشن کمیشن فیصلہ کل2 بجے سنائے گا۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیے ہیں ۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 19 ستمبر کو توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس میں 7 ستمبر کو الیکشن کمیشن میں اپنا تحریری جواب جمع کرایا تھا۔ یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے رواںسال اگست میں توشہ خانہ کیس کی روشنی میں عمران خان کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن کو ایک ریفرنس بھیجا تھا۔