'عمران خان جلسے میں للکارتے، رات کے اندھیرے میں پاؤں پڑ تے ہیں'

'عمران خان جلسے میں للکارتے، رات کے اندھیرے میں پاؤں پڑ تے ہیں'
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان جلسے میں للکارتے ہیں اور رات کے اندھیرے میں پاؤں پڑجاتے ہیں، خفیہ ملاقاتیں کرنے والا ہر جگہ رسوا ہو گا۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جن کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں ،ان کا نام کیوں نہیں لیتے ؟، عوام سے کہتے ہیں خوف کا بت توڑ دیں، عمران خان میں تو مسٹر ایکس وائے کا نام لینے کی ہمت تک نہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کا طریقہ کار یہی ہے ڈراؤ،دھمکاؤ اور اپنا راستہ صاف کرو۔ عمران خان جلسے میں للکارتے ہیں اور رات کے اندھیرے میں پاؤں پڑجاتے ہیں، خفیہ ملاقاتیں کرنے والا ہر جگہ رسوا ہو گا۔ نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے عمران خان کو کالز کرنے والوں کا نام لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کل جو کالز کروارہا تھا آج وہ کہہ رہے ہیں میرے اراکین کو کالز آ رہی ہیں، آپ نے کبھی پارٹی کو بتایا کہ آپ کس کس سے ملتے ہیں؟ کس کس سے خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں؟، 2014 کے دھرنے کے دوران راحیل شریف سے ملنے ہنستے ہنستے گئے۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ کہتے ہیں میری پسند کا آرمی چیف تعینات نہ کیا تو پورے ادارے کو بدنام کروں گا اور ان کے چہرے سیاہ و داغدار کردوں گا، وہ جن کے لاڈلے ہیں وہ انہیں لاڈلا نہیں سمجھتے بلکہ بس ان سے اپنا کام نکلوانا چاہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں عدالتی حکومت ہے اسے ایک نہ ایک دن ختم ہونا ہے، یہ جتنی جلدی ختم ہوجائے اتنا بہتر ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔