وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم سندھ کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں محکمہ تعلیم میں جاری ترقیاتی اسکیموں پر نظر ثانی اور نئے مالی سال میں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں نئی اسکیموں کو ترتیب دینے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو، سیکریٹری کالجز خالد حیدر شاہ، اسپیشل سیکریٹری آصف میمن،چیف انجینئرز و دیگر افسران شریک ہوئے۔
وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کوشش کی جائے اس سال کی تمام اسکیمیں وقت مقررہ پر مکمل ہوں۔ نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اسکیمیں جامع سروے کرکے کے شامل کی جائیں ۔ ہماری کوشش ہے کہ جو اسکول بند پڑے تھے اور اب محکمہ تعلیم نے انھیں فنکشنل کردیا ہے وہاں جو ضروریاتِ ہیں وہ فراہم کی جائیں،پہلی ترجیح پر ان اسکولز کو منٹین اور ریپیر کیا جائے ۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم سندھ نے مختلف اسکولوں سے اساتذہ کے تبادلے کرکے صوبے بھر میں 1609 بند اسکول کھول دیئے ہیں۔ مزید 638 اسکول آئندہ چند روز میں کھول دئیے جائیں گے۔ اس عمل کے ذریعے صوبے کے 2247 بند اسکول کھل جائیں گے۔