این اے 245: ابتدائی نتائج میں تحریک انصاف کو برتری

این اے 245: ابتدائی نتائج میں تحریک انصاف کو برتری
کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 پرضمنی انتخاب کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ حلقہ این اے 245 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت صبح 8 بجے شروع ہوا جو کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہا۔ ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔ این اے 245 کے 263 میں سے 100 پولنگ اسٹیشن کے غیرسرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے محمود مولوی 10471 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ ایم کیو ایم امیدوار معید انور 3857 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار محمد احمد رضا نے 3058 ووٹ حاصل کیے۔اس کے علاوہ آزاد امیدوار فاروق ستار 1117 اور پاک سرزمین پارٹی کے امیداوار سید حفیظ الدین کو 353 ووٹ ملے۔ واضح رہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 245 پر ضمنی انتخاب میں پولنگ کا وقت ختم وتے ہی ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تین پولنگ اسٹیشن پر ایک گھنٹے کا اضافی وقت دیا گیا ہے، پی ایس 143،144اور 56 کیلئے پولنگ وقت میں ایک گھنٹہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ دو پولنگ اسٹیشن گارڈن اور ایک محمود آباد میں ہے۔ضمنی انتخاب میں 15 امیدوار مدمقابل ہیں۔ الیکشن کیلئے 263 پولنگ اسٹیشنز میں سے 201 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جاچکے ہیں جبکہ پولیس کے علاوہ پاک فوج اور رینجرز بھی تعینات رہے گی۔ واضح رہے کہ یہ نشست پی ٹی آئی ممبر ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔