(ویب ڈیسک ) پاکستانی اسنوکر کھلاڑی شاہرام چنگیزی نے امریکی سنوکر میں تاریخ رقم کر دی ہے۔ امریکہ میں ایک ہی فریم میں 147 کا مکمل اسکور بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
یہ غیر معمولی کارنامہ ایمبیسی اوپن کے پیش نظر ایک پریکٹس میچ کے دوران انجام دیا گیا، شاہرام چنگیزی نے سابق پاکستانی کھلاڑی فارحان ادریس کو شاندار پرفارمنس کے ساتھ شکست دی۔
یہ حیرت انگیز کامیابی امریکہ میں کسی بھی سطح پر پہلی بار درج کی گئی ہے۔ شاہرام چنگیزی نے 10 منٹ کے اندر میز صاف کر دی۔ سنوکر کے کھیل میں، 147 کا بریک ایک ہی فریم میں سب سے زیادہ ممکنہ اسکور ہے۔
واضح رہے کہ شاہرام چنگیزی کو پاکستان کے بہترین سنوکر کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ شاہرام چنگیزی 2010کے ایشین گیمز میں کانسی کے تمغے جیتنے والی ٹیم کے کلیدی رکن تھے اور ایشین اور عالمی چیمپئن شپ میں بھی پاکستان کے لئے متعدد تمغے جیت چکے ہیں۔ شاہرام چنگیزی کی شاندار کامیابیوں میں گزشتہ سال ٹیکساس اوپن سنوکر چیمپئن شپ میں فتح بھی شامل ہے۔