منی لانڈرنگ کیس: شہبازشریف فیملی کیخلاف اکائونٹس کی تفصیلات جمع

منی لانڈرنگ کیس: شہبازشریف فیملی کیخلاف اکائونٹس کی تفصیلات جمع
لاہور: (ویب ڈیسک) شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی نے اکائونٹس کی تفصیلات جمع کروا دی ہیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ بے نامی اکائونٹس کے ذریعے شہباز شریف فیملی کے اکائونٹس میں 16 ارب 34 کروڑ جمع ہوئے۔ الزمات ثابت ہونے پر ملزمان کو 7 سال قید، جرمانہ اور جائیداد ضبطی کی سزا ہو سکتی ہے۔ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سیلمان شہباز کو متعدد مواقع فراہم کئے گئے لیکن تمام ملزمان الزمات سے متعلق تفتیشی ٹیم کو مطمئن نہ کر سکے۔ ایف آئی اے دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف خاندان کے 45 اکائونٹس میں منی لانڈرنگ کی رقوم جمع ہوئیں، ان میں سے شہباز شریف کے نام پر 14 بینک اکائونٹس رجسٹرڈ ہیں۔ حکام کے مطابق شہباز شریف کے نام پر 2008ء سے 2018ء تک ایک ہی برانچ میں 10 اکائونٹس، حمزہ شہباز کے نام پر 2005ء سے 2018ء کے دوران 13 بینک اکائونٹس جبکہ سلیمان شہباز کے نام پر 2004ء سے 2018ء تک 18 بینک اکائونٹس کھولے گئے۔ ایف آئی اے نے کہا ہے کہ کوئی بھی سرکاری افسر یا پبلک آفس ہولڈر منقولہ، غیر منقولہ جائیداد اور اثاثہ جات کے بارے میں جواب دہ ہے۔

Watch Live Public News