دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء کے شیڈول کے مطابق یہ عالمی مقابلہ آسٹریلوی سرزمین پر منعقد کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوگا جو 13 نومبر تک جاری رہے گا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ان میں سے 12 ٹیموں کا فیصلہ کیا چکا ہے جبکہ 4 ٹیمیں کوالیفائی راؤنڈ کے بعد ورلڈ کپ کھیل سکیں گی۔ https://twitter.com/ICC/status/1484345020261888003?s=20 نمیبیا اور سری لنکا کی ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ جیت کر آنے والی دو دیگر ٹیموں کے ساتھ گروپ ون میں شامل ہوں گی جبکہ سکاٹ لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کو دنیا بھر میں منعقد ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ جیتنے والی 2 ٹیموں کے ساتھ گروپ ٹو میں شامل کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے بنگلا دیش، سائوتھ افریقا، انڈیا اور پاکستان کو گروپ ٹو میں رکھا گیا ہے جبکہ افغانستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور برطانیہ کی ٹیمیں گروپ ون کا حصہ ہونگی۔ https://twitter.com/ICC/status/1484303983842045955?s=20 ورلڈ کپ کی شروعات میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگی۔ خیال رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کا فائنل بھی کیوی اور کینگروز کے درمیان کھیلا گیا تھا جو آسٹریلوی ٹیم نے جیت لیا تھا۔ پاکستان اور انڈیا کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا مقابلہ 23 اکتوبر 2022 کو ملبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ گذشتہ ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی تاہم سیمی فائنل میں وہ آسٹریلوی ٹیم سے ہار گئی تھی۔