پشاور: اعظم خان کی بطور نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کی جانب سے وزیراعلیٰ کے لئے اعظم خان کے نام کی منظوری دے دی گئی ہے ۔ خیال رہے کہ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کی جانب سے گذشتہ روز گورنر کے پی کو نگراں وزیراعلیٰ کے نام کے حوالے سے مراسلہ بھیجا گیا تھا ، دونوں رہنماؤں نے اعظم خان کے نام پر اتفاق بھی کیا تھا ۔ گذشتہ روز پشاور میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم درانی نے کہا کہ 2 ، 3 نام ان کے تھے، 2 نام ہمارے پاس تھے، ہم نے مشورہ کیا کہ عوام کو مزید مشکلات میں نہیں ڈالیں گے، تاریخ میں پہلی بار وزیراعلیٰ اور اپوزیشن نے بیٹھ کراہم فیصلہ کیا۔ شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پرویز خٹک ، محمود خان اور سپیکر کا مشکور ہوں ۔ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے نامزد اعظم خان چیف سیکرٹری سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھی رہ چکے ہیں، وہ سابق نگراں وفاقی وزیر بھی رہے ہیں ، اعظم خان مذہبی امور اور پٹرولیم کی وزارتوں کے وفاقی سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں ۔ خیال رہے کہ 18 جنوری کو خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کئے تھے جس کے بعد ہی صوبائی اسمبلی کو تحلیل کر دیا گیا تھا ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 112(1) کے تحت 17 جنوری کو اسمبلی تحلیل کی سمری گورنر کو بھیجی گئی تھی۔