لاہور میں بارش کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

لاہور میں بارش کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں بارش کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ گذشہ 7 گھنٹوں میں شہر میں 234 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق لاہور کے علاقے جیل روڈ پر 74 اعشاریہ 2، ائیرپورٹ 188 اعشاریہ 9، ہیڈ آفس واسا گلبرگ 73، لکشمی چوک، 141، اپر مال 114، مغلپورہ 171، تاجپورہ 234، نشتر ٹائون 116، چوک ناخدا 159، پانی والا تالاب 158، فرخ آباد 119، گلشن راوی 128، اقبال ٹائون 63 اعشاریہ 1، سمن آباد 88 اور جوہر ٹائون میں 121 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعه کے روز کشمیر، پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزیدبارش کا امکان ۔ کشمیر، پنجاب ، خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے۔ اس دوران بارکھان، کوہلو، موسی خیل، شیرانی، سبی اور نصیر آباد میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر،گلیات ، مری ،چلاس، دیامیر، گلگت،ہنزہ، استور اور سکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ مسافر اور سیاح موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر سفر کریں اور سفر کے دوران مزید محتاط رہیں جبکہ کاشتکار حضرات بارش کی پیشگوئی کے مطابق آبپاشی کریں۔ دریاؤں اور آبی ذخیروں میں پانی کی صورتحال تربیلا میں پانی کی آمد ایک لاکھ 78 ہزار 300 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 61 ہزار 600 کیوسک ہے۔ منگلا میں پانی کی آمد 36 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 15 ہزار کیوسک ہے۔ چشمہ میں پانی کی آمد ایک لاکھ 92 ہزار 800 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ کیوسک ہے۔ ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 93 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 64 ہزار 900 کیوسک ہے۔ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 48 ہزار کیوسک اور اخراج 48 ہزار کیوسک ہے۔ تربیلا میں آج پانی کا ذخیرہ 31 لاکھ 79 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ منگلا میں آج پانی کا ذخیرہ 11 لاکھ 42 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ چشمہ میں آج پانی کا ذخیرہ 93 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزوائر میں پانی کا مجموعی ذخیرہ 44 لاکھ 14 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔